وزیراعظم کی خواہش پر عہدے کی مدت پوری کرونگا:شہریار

وزیراعظم کی خواہش پر عہدے کی مدت پوری کرونگا:شہریار

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چیئرمین شہریار خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کی خواہش کے مطابق چیئرمین کے عہدے کی مدت پوری کرونگا۔بطور چیئرمین مکمل ایگزیکٹیو پاور رکھتا ہوں۔ وزیر اعظم کرکٹ بورڈ میں ہونے والی تبدیلیوں سے مطمئن ہیں ، 2014میں کرکٹ بورڈ کے بگڑے ہوئے حالات کو دیکھ کر چیئرمین کا عہدہ قیول کیا تھا اور سپریم کورٹ نے نجم سیٹھی کو مسترد کر کے میرا نام منظور کیا تھا۔اس فیصلے کی وجہ سے سارے تنازعات ختم ہو گئے تھے۔کرکٹ بورڈ میں ہونے والی حالیہ تبدیلیوں کا مقصد کرکٹ کو بہتر بنانا ہے۔ اختلافات ہوتے رہتے ہیں تاہم انہیں یقین ہے کہ نجم سیٹھی ان کے ساتھ ملکر کام کریں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیئرمین پی سی بی شہریار کی چھٹیوں کے حوالے سے وضاحت کی ہے کہ وہ لندن میں چھٹیاں گذارنے نہیں گئے ہیں۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ شہریار خان آئی سی سی کے ایڈمبرا میں ہونے والے سالانہ اجلاس میں شرکت کے علاوہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم اور پاکستان اے کرکٹ ٹیم کے میچز کے موقع پر وہاں موجود ہونگے جبکہ لندن میں اپنے قیام کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے انگلینڈ کے خلاف چار ٹیسٹ میچز کے پہلے دو ٹیسٹ میچ وہیں پر دیکھیں گے۔ پی سی بی اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین شہریار خان اس دوران ایم سی سی اور ای سی بی حکام سے بھی ملاقات کرینگے۔ جبکہ چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی اور پاکستان سپر لیگ نجم سیٹھی نے امارات کا دورہ کیا ہے جنہوں نے ستبمر میں ویسٹ انڈیز ٹیم کے دورہ اور فروری 2017ء میں پاکستان سپر لیگ کے میچز کے انعقاد کے لیے ابوظہبی، دبئی اور شارجہ کرکٹ سٹیڈیم کے حکام سے معاملات کو حتمی شکل دی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے دورہ انگلینڈ کے دوران چار میڈیا منیجر کے حوالے سے بھی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ آغا اکبر پہلے دو ٹیسٹ میچز کے لیے میڈیا منجیر کی خدمات انجام دینگے جبکہ تیسرے اور چوتھے ٹیسٹ کے لیے رضا راشد یہ ڈیوٹی انجا دینگے۔ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے ڈائریکٹر میڈیا امجد بھٹی پاکستان ٹیم کے ساتھ میڈیا منیجر فرائض انجام دیں گے۔ اون زیدی کے حوالے سے پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ ویب سائیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ ہیں جو دورہ کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کی ویب سائیٹ کے لیے کام کرینگے۔ ان کا میڈیا منیجر کے شعبہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان اور چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ملکر کرکٹ کی پرموشن کے لیے کام کر رہے ہیں۔