چیمپئنز ٹرافی کا مستقبل کرپٹ کھلاڑیوں کی سزا کا تعن آئی سی سی کا اجلاس آج شروع

ایڈنبرگ(سپورٹس ڈیسک) آئی سی سی کی سالانہ کانفرنس آج سے سکاٹ لینڈ میں شروع ہوگی۔ ایجنڈے میں امپائرز کے لئے ٹیکنالوجی کی حد اور کرپٹ کھلاڑیوں کی کم سے کم سزا کا تعین کیا جائے گا۔ سعودی عرب سمیت تین ممالک کو رکنیت دینے کے معاملے پربھی بات کی جائے گی۔سکاٹ لینڈ کے دارالحکومت ایڈنبرگ میں لگنے والی آئی سی سی کے بڑوں کی اہم بیٹھک میں چیمپئنز ٹرافی کے مستقبل پرغورکیا جائے گا۔ ایڈنبرگ میں پہلی دفعہ ہونے والا آئی سی سی کا اجلاس 2 جولائی تک جاری رہے گا جس میں 50 رکن ممالک کے وفود کی شرکت متوقع ہے۔ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی چیئرمین پی سی بی شہریارخان اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کریں گے۔آئی سی سی کے اعلامیہ کے مطابق اجلاس کے پہلے روز آئی سی سی کے ملحقہ ارکان کی میٹنگ ہوگی جبکہ منگل کو ایسوسی ایٹ ممبرز کا اجلاس ہوگا۔منگل اور بدھ کو چیف ایگزیکٹیو کمیٹی کی میٹنگ ہے۔ بدھ کو ہی روز اگورننس ریویو کمیٹی کا بھی اجلاس ہو گا جس میں بگ تھری کے مستقبل پر غوروفکرکیا جائے گا۔اجلاس کے چوتھے روز یعنی جمعرات کو آئی سی سی ہیومن ریسورس کمیٹی، بورڈ میٹنگ اورفل کونسل میٹنگ ہو گی۔ جمعہ کو فنانس اینڈ کمرشل افیئر کمیٹی اور ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس جبکہ آخری روزیعنی ہفتے کو آئی سی سی، آئی ڈی آئی اور بورڈ میٹنگزہوں گی۔سالانہ اجلاس میں عالمی کرکٹ کا ڈھانچہ اور ایونٹس ،آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کی تجاویز اور امپائرنگ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعما ل سے متعلق معاملات پرغورکیا جائے گا۔