بھارتی کرکٹ بورڈ کا پاکستان بھارت سیریز سری لنکا میں کرانے کیلئے حکومت کو خط
لاہور(نمائندہ سپورٹس) بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان بھارت سیریز سری لنکا میں کرانے کے لئے اپنی حکومت کو خط لکھ دیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ دوطرفہ سیریز کے سری لنکا میں انعقاد کی کوششیں جاری ہیں جس کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ نے حکومت کو خط بھی لکھ دیا ہے اور اس کا مقصد پاکستان بھارت سیریز سری لنکا میں کرانے کے لئے حکومت کی اجازت حاصل کرنا ہے۔انوراگ ٹھاکر کا کہنا تھا کہ سری لنکا میں سیریز کھیلنے کے امکانات روشن ہیں تاہم پاکستان بھارت سیریز کا حتمی فیصلہ حکومت کرے گی جبکہ انگلش بورڈ کے سربراہ جائلز کلارک تمام معاملے پر پریس کانفرنس کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت معاہدے کے تحت پاکستان سے اس کے ہوم گراؤنڈ پر سیریز کھیلنا چاہتا ہے لیکن وہاں سکیورٹی کی صورت حال خراب ہونے کی وجہ سے ٹیم نہیں بھیج سکتے۔2 روز قبل دبئی میں پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہان کی ملاقات ہوئی تھی جس میں انگلش بورڈ کے سربراہ جائلز کلارک بھی شریک تھے جو دونوں ممالک میں سیریز کے انعقاد کے لئے ثالث کا کردار ادا کر رہے ہیں۔