؎پہلا ٹی ٹونٹی پاکستان انگلینڈ آج مد مقابل دونوں کپتان کامیابی کیلئے پر عزم
لاہور (نمائندہ سپورٹس)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کے تین مقابلوں کا پہلا میچ آج دبئی میں کھیلا جائے گا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9بجے شروع ہوگا۔قومی ٹیم کے کپتان شاہد آفرید ی نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت نے سکیورٹی دی تو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کھیلنے جائیں گے، اصل خوشی اس وقت ہوگی جب بھارتی ٹیم پاکستان آکر کھیلے گی ،کھیل اور سیاست کو الگ الگ ہو نا چاہیے ۔ون ڈے سیریز کی شکست کو بھلا کر آج میدان میں اتریں گے ۔ ٹی ٹونٹی سیریز جیت کررینکنگ برقرار رکھیں گے۔ انگلش کپتان آئن مورگن نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی میں پاکستان مضبوط مخالف ہے،پاکستان کے خلاف بہترین کھیل کامظاہرہ کریں گے،ون ڈے سیریز سے اعتماد بڑھا ہے۔ دبئی میں ٹی ٹونٹی سیریز سے قبل ٹرافی کی تقریب رونمائی اور مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستانی بورڈ نے اجازت دی تو بھارت کے ساتھ سریز کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سریز میں جیت کیلئے پر عزم ہیں ،نئے اور تجربہ کار کھلاڑی ٹیم میں موجود ہیں اس لئے سب کو موقع دینا چاہتے ہیں۔ احمد شہزاد کی طبیعت ٹھیک نہیں اس لئے وہ آج نہیں کھیلیںگے۔ آئن مورگن نے کہا کہ ٹی ٹونٹی میں پاکستان مضبوط مخالف ہے،ہم پاکستان کے خلاف بہترین کھیل کامظاہرہ کریں گے،موجودہ کنڈیشن سے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاری کا موقع ملے گا، نئے تجربہ کار کھلاڑی ٹیم میں موجود ہیں سب کو کھیل کا موقع فراہم کر کے سیریز کامیاب بنائیں گے، ون ڈے سیریز سے اعتماد بڑھا ہے۔فاسٹ بائولر وہاب ریاض نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی سیریز جیت ون ڈے سیریز کی شکست کا بدلہ چکا دیں گے۔