دورہ یورپ اور یوتھ اولمپکس کیلئے جونیئر ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا اعلان

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی نے دورہ یورپ اور یوتھ اولمپکس کے لئے 30کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ کیمپ31مئی سے جناح سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں شروع ہو گا۔ قومی ٹیم جون میں یورپ کا دورہ کرے گی جبکہ 14سے26اگست تک سنگاپور میں ہونے والی پہلی یوتھ اولمپکس میں حصہ لے گی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے نئی ٹیم انتظامیہ کا اعلان بھی کیا ہے۔ اولمپئن خواجہ محمد جنید مینیجر و چیف کوچ ہوں گے، انجم سعید، دانش کلیم اور اجمل خان کوچ ہوں گے، ڈاکٹر اسد عباس شاہ ٹیم ڈاکٹر اور ندیم خان لودھی ویڈیو اینالسٹ کے فرائض سر انجام دیں گے۔ اعلان کردہ30کھلاڑیوں میں پی آئی اے سے مظہر عباس، محمد رضوان، وسیم اقبال اور محمد عدنان، کسٹمز سے عدنان شکور، محمد عامر عاشق، محمد شعیب، محمد عمیر، محمد عرفان، محمد ذوہیب اور محمد سلمان، نیشنل بینک سے محمد عثمان اسلم، محمد جنید، شجاعت علی، ارسلان قادر اور احمد زبیر، سوئی سدرن گیس سے سید کاشف شاہ اور محمد سلطان عامر، پولیس سے سفیان، شہریار، کامران آصف اور آصف اقبال، بلوچستان سے محمد جاوید اور محمد اسلم، پنجاب سے علی شان، خیبر پختونخوا سے یاسر خان اور عبدالکریم، سندھ سے یاسر علی، فہد خان اور اسد حسین رضوی شامل ہیں۔