سری لنکا کیخلاف سیریز‘ قومی کرکٹ ٹیم کل براستہ دبئی کولمبو روانہ ہو گی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) سری لنکا کیخلاف تین ٹیسٹ اور پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز میں شرکت کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم کل براستہ دبئی کولبو کیلئے روانہ ہوگی۔ قومی ٹیم دورہ میں تین ٹیسٹ، پانچ ایک روزہ میچز اور ایک ٹونٹی20 میچ کھیلے گی۔ پہلا تین روزہ پریکٹس میچ 29جون سے شروع ہوگا جبکہ پہلا ٹیسٹ میچ 4 جولائی سے شروع ہوگا، دوسرا ٹیسٹ میچ 12جولائی اور تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ20جولائی سے شروع ہوگا جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان 27 جولائی کو پریکٹس میچ ہوگا۔ پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 30جولائی، دوسرا یکم اگست، تیسرا 3، چوتھا 7جبکہ پانچوا ں اور آخری ایک روزہ میچ 9 اگست کو کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان واحد ٹونٹی 20میچ 12اگست کو کھیلا جائیگا۔ 15 رکنی قومی سکواڈ میں کپتان یونس خان، سلمان بٹ، محمد یوسف، مصباح الحق، شعیب ملک، کامران اکمل، عمر گل، سعید اجمل، محمد عامر، دانش کنیریا، عبدالرزاق، عبدالرئوف، فواد عالم، فیصل اقبال شامل ہیں۔