تیاری مکمل کر لی ‘ سری لنکا کیخلاف بہترین کرکٹ کھیلیں گے : مصباح الحق
لاہور (نمائندہ سپورٹس+ سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ سری لنکا کے خلاف پہلے میچ سے ہی بھرپور اور بہترین کرکٹ کھیلیں گے۔ گال کی وکٹ ہمیں بھی سوٹ کرے گی۔ اگر ہم نے فائدہ اٹھایا اور اچھی کرکٹ کھیلی تو جیتنے کے امکانات روشن ہو جائیں گے۔ وہ قذافی سٹیڈیم لاہور میںمیڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ مصباح الحق نے کہا کہ ہر کوچ مدد ہی کرتا ہے۔ بیٹنگ کوچ سے فائدہ ہو گا مگر اب ہماری بھی ذمہ داری ہے کہ بیٹنگ کے شعبہ میں اپنی ذمہ داری کو سمجھیں۔ عمر اکمل
اور اسد شفیق بہت ٹیلنٹڈ کرکٹر ہیں اور دونوں پاکستان کا مستقبل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ میں وقفہ سے بہت فرق پڑتا ہے اسی لئے ہم نے انٹرنیشنل کرکٹ کا ماحول بناتے ہوئے میچز کے ذریعے پریکٹس کی ہے۔ ہم سب پروفیشنل کرکٹرز ہیں اور ہمیں بہرحال پرفارم کرنا ہے۔ سری لنکا کے خلاف ہم نے آخری میچ میں مشکل حالات میں فتح حاصل کی تھی جس سے یقیناً اعتماد حاصل ہو گا۔ گزشتہ کچھ عرصہ کے دوران ہم نے سری لنکا کے خلاف کافی زیادہ کرکٹ کھیلی ہے جس کا فائدہ بھی ہوا ہے اور نقصان بھی۔ ٹیمیں ایک دوسرے کی خوبیوں اور خامیوں سے بخوبی واقف ہو جاتی ہیں۔ قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ہماری بائولنگ کا شعبہ ناتجربہ کار ہے مگر اچھا ہے اگر ہم پوٹینشل کے مطابق کھیلے تو رزلٹ ہمارے ہاتھ میں ہونگے۔جنید خان اچھا پرفارم کر رہے ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں کاؤنٹی میں بھی اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔ ہمارا سپن باؤلنگ اٹیک بھی سری لنکا سے بہتر ہے۔ سعید اجمل دنیا کے بہترین سپنر ہیں۔ سری لنکا کی وکٹیں بھی سپنرز کیلئے سازگار ہوتی ہیں۔ ہماری کوشش ہو گی کہ اچھا کھیل پیش کرکے سری لنکا کے خلاف کامیابی حاصل کریں۔ حریف ٹیم اپنی سرزمین پر آسان نہیں تاہم، ہم نے اچھی تیاری کی ہے۔ کھلاڑیوں کی تیاری سے بھی مطمئن ہوں۔