پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 7وکٹوں سے شکست دیدی
لاہور،(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر+ خصوصی رپورٹر) یاسر شاہ کی فتح گر کارکردگی کی بدولت پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 7 وکٹ سے شکست دیکر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔جمیکا میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن ویسٹ انڈیز نے اپنی دوسری نامکمل اننگز شروع کی تو وہ 93 رنز پر 4 وکٹیں گنوا کر مشکلات سے دوچار تھی۔ عامر نے وشال سنگھ کو آؤٹ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔نائٹ واچ مین رویندرا بشو نے متاثر کن بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی باؤلرز کا ڈٹ کر سامنا کیا لیکن پہلا میچ کھیلنے والے محمد عباس نے 60 گیندیں کھیلنے والے سپنرز کی اننگز تمام کرنے کے ساتھ ساتھ ایک گیند بعد ہی شین ڈاؤرچ کو بھی پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔وہاب ریاض نے جیسن ہولڈر کو پویلین رخصت کیا ‘ بعدازاں یاسر شاہ نے آخری دونوں ویسٹ انڈین وکٹیں حاصل کر کے میزبان ٹیم کی بساط 152 رنز پر لپیٹ دی۔یاسر شاہ نے چھ‘ محمد عباس نے 2 جبکہ محمد عامر اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان نے 32 رنز کا تعاقب شروع کیا تو 7 کے مجموعے پر اوپنرز احمد شہزاد اور اظہر علی پویلین لوٹ گئے۔یونس خان اور بابر اعظم نے سکور کو 24 تک پہنچایا لیکن یونس خان 6 رنز پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ آخر میں کپتان مصباح الحق نے لگاتار دو چھکے لگا کر ٹیم کو میچ میں 7 وکٹ سے فتح دلانے کے ساتھ ساتھ سیریز میں بھی 1-0 کی برتری دلا دی۔بابر اعظم 9 رنز ناٹ آئوٹ رہے۔ یاسر شاہ کو میچ میں 8وکٹیں حاصل کرنے پر بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ویسٹ انڈیزنے پہلی اننگز میں 286 رنز بنائے تھے‘ پاکستان نے مصباح الحق کے ناقابل شکست 99 رنز کی بدولت 407 رنز بنا کر قیمتی 121 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔دوسرا میچ 30 اپریل سے کھیلا جائیگا۔دریں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پہلے ٹیسٹ میچ میں کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ کھلاڑیوں نے بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کرکے ویسٹ انڈیز کو اسکے ہوم گرائونڈ میں شکست دی۔ جیت پاکستانی کھلاڑیوں کے ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ محمد عامر اور یاسر شاہ نے شاندار بولنگ کرکے فتح میں اہم کردار ادا کیا جبکہ کپتان مصباح الحق اور بابر اعظم کی عمدہ بیٹنگ بھی فتح کا باعث بنی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ امید ہے کہ آئندہ ٹیسٹ میچوں میں بھی پاکستانی کھلاڑی اچھے کھیل کا مظاہرہ کرینگے۔