دبئی ٹیسٹ: آسٹریلیا 303 پر آئوٹ ، پاکستان کی مجموعی برتری 189 رنز

دبئی ٹیسٹ: آسٹریلیا 303  پر آئوٹ ، پاکستان کی مجموعی برتری 189  رنز

دبئی (سپورٹس ڈیسک) دبئی میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن پاکستانی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث آسٹریلیا کی پوری ٹیم 303 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی ‘پااکستان نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 38رنز بناکر مجموعی طور پر 189رنز کی برتری حاصل کرلی۔میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا کی جانب سے اوپننگ بلے بازوں ڈیوڈ وارنر اور کرس راجرز نے 113 رنز سے اننگز دوبارہ شروع کی اور سکور 128 تک پہنچا دیا۔ فاسٹ بائولر راحت علی نے راجرز کو بولڈ کرکے پاکستان کو پہلی کامیابی دلوائی۔ کرس راجرز نے 38 رنز بنائے۔ اس کے بعد آنے والے بلے باز ایلکس ڈولن زیادہ پْراعتماد نہ دکھائی دیے اور صرف 5 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے۔ آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک صرف 2 رنز بنا سکے اور ذوالفقار بابر کی گیند پر اظہر علی کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔ 22 رنز کے انفرادی سکور پر یاسر شاہ نے ستھ کو آئوٹ کیا۔ یاسر شاہ کا اگلا شکار سنچری بنانے والے ڈیوڈ وارنر بنے‘وہ 133رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ ہیڈن کو عمران خان نے 22 رنز پر بولڈ کیا۔ مارش 27 رنز پر ذوالفقار بابر کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ مچل جانسن کو 37 کے سکور پر راحت علی نے آئوٹ کیا۔ او کیفی صرف 6 رنز بنا سکے جبکہ پیٹر سڈل کوئی سکور نہ کر سکے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3، راحت علی اور ذوالفقار بابر نے 2، 2 جبکہ محمد حفیظ اور عمران خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔پاکستان نے زخمی محمد حفیظ کو اوپنر بھیجنے کی بجائے احمد شہزاد اور اظہر علی کو دوسری اننگز کا آغاز کرنے کیلئے بھیجا اور یہ تجربہ بھی کامیاب رہا ۔ دونوں نے آسٹریلوی بائولر زکا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور تیسرے دن کے اختتام تک مجموعی سکور 38رنز تک پہنچا دیا ۔ احمد شہزاد 22جبکہ اظہر علی 16بنا کر کھیل رہے ہیں ۔ دوسری اننگز میں کینگروز کے مچل جانسن ‘نیتھن لیون ‘پیٹر سیڈل اوراوکیفی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے ۔