غیر ملکی کھلاڑیوں کو پی ایس ایل تھری کیلئے ہر صور ت پاکستان آنا ہوگا:نجم سیٹھی
لاہور (سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان سپر لیگ کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل کا تیسرا ایڈیشن کھیلنے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو اس مرتبہ ہر حال میں پاکستان آنا پڑے گا کیونکہ یہ بات ان کے معاہدے کا حصہ بنا دی جائے گی اور انہیں اضافی رقم بھی دی جائے گی۔ پی ایس ایل کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ ”اس مرتبہ ہم پاکستان میں 8 میچ کروائیں گے جن میں سے 4 میچ کراچی میں کھیلے جائیں گے اور 4 میچ لاہور میں ہوں گے۔چونکہ پی ایس ایل سیزن 2 کا فائنل لاہور میں کھیلا گیا تھا اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بڑے غیر ملکی کھلاڑی کیون پیٹرسن، لوک رائٹ، ٹیمل ملز اور ریلی روسو نے لاہور آنے سے انکار کر دیا تھا۔ اس فیصلے کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو نئے غیر ملکی کھلاڑیوں کو منتخب کرنا پڑا جو ٹیم کے ساتھ زیادہ اچھی طرح نہ ڈھل سکے اور ان کے کھیل کا معیار بھی ٹیم چھوڑ کر جانے والے کھلاڑیوں جیسا نہیں تھا لیکن اس مرتبہ ایسا کوئی مسئلہ نہیں ہو گا۔