سپاٹ فکسنگ سکینڈل، آئی پی ایل فائنل میں 1500 کروڑ کا سٹہ لگ گیا

ممبئی (این این آئی) سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں چھاپوں اور گرفتاریوں کے باوجود آئی پی ایل کے فائنل میں 1500 کروڑ کا سٹہ لگ گیا۔ آئی پی ایل کے سیزن چھ میں سپاٹ فکسنگ سکینڈل بھارتی کرکٹ بورڈ کے گلے میں ہڈی کی طرح پھنس گیا ہے جو بورڈ حکام سے نہ تو نگلا جارہا ہے اور نہ ہی وہ اسے اگل پا رہے ہیں۔ سکینڈل نے پورے ایونٹ کو داغدار اور متازعہ بنا دیا ہے۔ روزانہ مختلف شہروں میں پولیس کے چھاپوں اور گرفتاریوں سے بظاہر ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ پورے بھارت کی پولیس اس سکینڈل کی تفتیش میں ہی لگ گئی ہے اور سپاٹ فکسنگ کی جڑ کو آئی پی ایل سیزن چھ کے اختتام کے ساتھ ہی اکھاڑ پھینکے گی لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کے مختلف شہروں میں چھاپوں کے باوجود بکیز بنا کسی خوف کے کالا دھن بنانے میں مصروف ہیں اور اتوار کے روز آئی پی ایل چھ کے فائنل میں اب تک پندرہ سو کروڑ کا سٹہ لگایا جا چکا ہے۔