پاکستان ورلڈکپ جیتنے میں کامیاب ہوگیا تو ایک مرتبہ پھر انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو جائے گی : اعجاز بٹ

لاہور ( سپورٹس رپورٹر+سٹاف رپورٹر+مانیٹرنگ نیوز+ایجنسیاں) چیئرمین پی سی بی اعجاز بٹ نے کہا ہے کہ سیمی فائنل میں پاکستان ٹیم پر کوئی نفسیاتی دباو نہیں ہو گا، ٹیم کا مورال بلند ہے امید ہے ٹیم سیمی فائنل میں بھارت کیخلاف بہتر نتائج دے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ بھارتی پنجاب کی ٹیم جون میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔ بھارتی ٹیم کے ساتھ بھی معاملات جلد طے ہو جائیں گے۔ دریں اثناءاعجاز بٹ نے کہا کہ اگر پاکستان ورلڈکپ جیتنے میں کامیاب ہوگیا تو پاکستان میں ایک مرتبہ پھر انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کوارٹرفائنل میں جیت ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ تمام کھلاڑیوں پر فخر ہے جنہوں نے اچھی کارکردگی دکھا کر ٹیم کو سیمی فائنل تک پہنچایا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعجاز بٹ نے قومی ٹیم کو سیمی فائنل مرحلے میں پہنچنے پر مبارکباد دی ہے اور کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ کھلاڑیوں نے ویسٹ انڈیز کے ساتھ اچھا کھیل پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کا مورال دیکھ کر خوشی ہوئی ہے اور ٹیم کے کھلاڑی اس وقت متحد ہیں اور شاہد آفریدی کی قیادت میں ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ پوری قوم دعاگو ہے کہ قومی ٹیم ورلڈکپ جیت کر وطن واپس لوٹے۔ اعجاز بٹ نے کہا کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی تسلی بخش ہے اور ورلڈکپ ٹائٹل صرف دو میچز جیت کی دوری پر ہے۔