بھارتی سرزمین پر ہمیشہ بھارت کو ٹف ٹائم دیا‘ اس بار بھی نہیں گھبرائیں گے : آفریدی

ڈھاکہ، نئی دہلی (ریڈیو مانیٹرنگ، مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم سیمی فائنل میں بھارت کے ساتھ مقابلے کیلئے تیار اور پُراعتماد ہے۔ تمام کھلاڑی سیمی فائنل میں بہتر کارکردگی دکھائیں گے۔ قوم کی دعائیں ہمارے ساتھ ہیں، ٹیم مثبت نتائج دے گی۔ انہوں نے کہا کہ موہالی کی پچ دیکھ کر حکمت عملی ترتیب دیں گے۔ سیمی فائنل کیلئے موجودہ ٹیم ہی بہتر ہے۔ آفریدی کا کہنا تھا کہ بھارتی سرزمین پر ہمیشہ بھارت کو ٹف ٹائم دیا۔ اس بار بھی نہیں گھبرائیں گے، تمام کھلاڑی بھارت کو ہرانے کیلئے بھرپور تیاری میں ہیں۔ انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ وہ ٹیم کی کامیابی کیلئے دعا کریں۔ انہوں نے کہا کہ روایتی حریف بھارت کے ساتھ سیمی فائنل میں سخت مقابلے کی توقع ہے۔ دریں اثناءبھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے کہا ہے کہ اب سیمی فائنل پاکستان کے ساتھ ہو گا، بھارت کیلئے یہی میچ فائنل ہے۔۔ بدھ کو موہالی میں پاکستانی شاہین بھارت سے گتھم گتھا ہوں گے شائقین کرکٹ کوشاندار میچ دیکھنے کو ملے گا اور بہت سے ماہرین کا کمزور دل والوں کیلئے یہ مشورہ ہے کہ وہ پاک بھارت کا سیمی فائنل نہ دیکھیں تو ان کے لئے بہتر ہو گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیمی فائنل کے بارے میں مختلف ماہرین کی رائے مختلف ہے۔ سابق کپتان عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اپنے فاسٹ اٹیک کو مضبوط بنانا ہو گا۔