ویسٹ ایشیا بیس بال کپ غیرملکی ٹیمیں پہنچ گئیں، مقابلے آج سے شروع
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان بیس بال فیڈریشن کے صدرسیدخاور شاہ نے کہا ہے کہ 13 ویں ویسٹ ایشیاءبیس بال کپ میں شرکت کے لئے غیر ملکی ٹیمیں اسلام آباد پہنچ گئیں، ایونٹ (آج) ہفتہ سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس، اسلام آباد کے بیس بال گراﺅنڈ میں شروع ہوگا، جس کے دومیچز کھیلے جائیں گے پہلا میچ پاکستان اور نیپال کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے میچ میں ایران کا مقابلہ بھارت سے ہوگا، ٹورنامنٹ کا افتتاح وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ نے کیا۔،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان سپورٹس بورڈ کے میڈیا سنٹر میں پاکستان بیس بال فیڈریشن کے نائب صدور حیدر لہری اور جاوید محمود کے ساتھ صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں اور ٹورنامنٹ میں میزبان پاکستان کے علاوہ5 غیر ملکی ٹیموں کو مدعو کیا گیا تھا جن میں ایران، عراق، نیپال، سری لنکا اور بھارت شامل ہیں،ایران، عراق، نیپال اور سری لنکا کی ٹیمیں اسلام آباد پہنچ چکی ہیں جبکہ بھارت کی ٹیم کو ابھی تک ویزہ جاری نہیں ہوا اور امید ہے کہ کل تک بھارتی ٹیم کو بھی ویزے جاری ہو جائیں گے، انہوں نے حکومت سے اپیل بھی کی ہے کہ بھارتی ٹیم کو جلدی ویزے جاری کئے جائیں ، انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اورقومی ٹیم ایونٹ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی اور پاکستانی ٹیم ایشیاءمیں پانچویں نمبر پر ہے، اگر حکومت ساتھ دے تو پچاس بین الاقوامی کھلاڑی لا کر بہترین لیگ کا انتظام کر سکتے ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر بھارت ہمارے کھیلوں کو نقصان پہنچا رہا ہے تو ہمیں اچھے انداز سے جواب دینا ہوگا، اگر پاکستان کسی ٹیم کو ویزا نہیںدے تو مستقبل میں ایونٹ کے انعقاد کو خطرہ ہو سکتا ہے۔