پی سی بی کے چیف کیوریٹر کا کراچی ٹیسٹ میں سپورٹنگ وکٹ بنانے میں ناکامی کا اعتراف

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پی سی بی کے چیف کیوریٹر آغا زاہد نے سری لنکا کے خلاف کراچی ٹیسٹ کیلئے سپورٹنگ وکٹ بنانے میں ناکامی کا اعتراف کیا ہے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیف کیوریٹر کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ نے کراچی ٹیسٹ کیلئے پچ تیار کرنے کا جو ٹارگٹ دیا تھا وہ اس میں ناکام رہے حالانکہ انہوں نے متوازن وکٹ تیار کرنے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ٹیسٹ کیلئے بیلنس ٹیم بنائیں گے۔ آغا زاہد نے بتایا کہ وہ قذافی سٹیڈیم لاہور میں یکم مارچ سے کھیلے جانے والے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کیلئے ٹیم مینجمنٹ کی ہدایت کے مطابق متوازن پچ تیار کرنے کیلئے کوشاں ہیں تاہم نتائج دینے والی وکٹ ہوگی۔