قومی جونیئر ہاکی ٹیم 7 مارچ سے ملائشیا کیخلاف دو میچوں کی سیریز کھیلے گی

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم ملائیشیا میں کھیلے جانے والے چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ سے قبل ملائیشیا جونیئر ہاکی ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کھیلے گی۔ چار ملکی ہاکی ٹورنامنٹ 12 سے 15 مارچ تک کھیلا جائے گا جبکہ پاکستان ٹیم اب 9 مارچ کی بجائے 6 مارچ کو ملائیشیا روانہ ہو گی جہاں پر پاکستان اور ملائیشیا کی جونیئر ٹیموں کے درمیان 7 اور 8 مارچ کو دو ٹیسٹ میچ کھیلے جائیں گے۔ قومی جونیئر ٹیم چار ملکی ٹورنامنٹ کھیلنے کے بعد ملائیشیا سے ہی مصر روانہ ہوگی جہاں پر قاہرہ میں 21 سے 27 مارچ تک پانچ ملکی جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کھیلا جائے گا۔ قومی سلیکشن کمیٹی ان دوروں کیلئے 19 رکنی قومی جونیئر ٹیم کا اعلان پہلے ہی کر چکی ہے۔ ٹیم کا تربیتی کیمپ اسلام آباد میں جاری ہے۔ ٹیم کے کھلاڑیوں نے کیمپ کے آرام کے روز منگل کے روز مری کا تفریحی دورہ بھی کیا۔ اعلان کردہ ٹیم میں گول کیپرز عمران شاہ اور عمران بٹ، فل بیکس محمد عتیق (نائب کپتان)، خالد بھٹی اور واصف صدیقی، ہاف بیکس محمد عرفان، محمد راشد، عامر شہزاد، محسن بلال اور عثمان طارق، فارورڈز حسیم خان (کپتان)، محمد یاسر، محمد توفیق، محمد زبیر، شہباز رضوان، عمر بھٹہ، عنایت اللہ اور عدیل حسین شامل ہیں۔