بنک الفلاح نیشنل پولو چیمپئن شپ‘ افتتاحی روز 3 میچوں کا فیصلہ

لاہور (سپورٹس رپورٹر) بنک الفلاح نیشنل پولو چیمپئن شپ کے افتتاحی روز کھیلے جانے والے تینوں میچ سنسنی خیز رہے جس میں ووگ فرنیچر، ایچ ایس بی سی بنک اور بنک الفلاح رائل بنکنگ کی ٹیم نے اپنی اپنی حریف ٹیموں کو شکست سے دوچار کیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں کھیلے جانے والے پہلے میچ میں ووگ فرنیچر کی ٹیم نے ٹپ مور الخان رینجرز کی ٹیم کو اضافی چکر میں 8 کے مقابلے 9 گول سے شکست دی۔ پانچ چکر تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ آٹھ آٹھ گول سے برابر تھا۔ ٹورنامنٹ کا دوسرا میچ بھی کافی دلچسپ رہا جس میں ایچ ایس بی سی بنک کی ٹیم نے غازی پور کی ٹیم کو 8 کے مقابلے 9 گول سے شکست دی۔ پہلے روز کے تیسرے اور آخری میچ میں بنک الفلاح رائل بنکنگ کی ٹیم نے ہلٹن فارما کی ٹیم کو 8 کے مقابلے 9 گول سے شکست دی۔ ٹورنامنٹ میں آج مزید تین میچ کھیلے جائیں گے۔