مصباح الحق ورلڈکپ میں اہم ہتھیار ثابت ہونگے : وقار یونس
کراچی(آئی اےن پی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ دیگر باﺅلرز کے لیے ضروری ہے کہ وہ سعید اجمل کی عدم موجودگی کے موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے آگے بڑھ کر بہترین کارکردگی دکھائیں۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں سابق قومی کپتان نے تسلیم کیا کہ پاکستان کو جلدازجلد ری گروپ ہونے کی ضرورت ہے تاکہ وہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں کھیلنے جانے والے ورلڈکپ 2015 کے ٹائٹل کی دوڑ کی اہم ٹیموں میں شامل ہوسکے۔ سعید اجمل کی غیرحاضری ایک بڑا دھچکا ہے اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ کسی بھی کپتان کا خواب ہوسکتا ہے۔ہم نے سعید اجمل کے ممکنہ متبادل کی تلاش شروع کردی ہے، ٹھیک ہے یہ آسان نہیں کہ ہم اس کے متبادل میں ویسا ہی باﺅلر تلاش کرلیں۔ ہمارے پاس لیگ سپنر یاسر شاہ کی شکل میں آپشن موجود ہے اور یہاں ذوالفقار بابر بھی ہے ، مگر میں شاہد آفریدی اور محمد حفیظ جیسے کھلاڑیوں پر زور دوں گا کہ فرنٹ لائن باﺅلرز کی حیثیت سے مزید ذمہ داریاں اٹھائیں۔ پاکستان کے پاس اچھا فاسٹ باﺅلنگ اٹیک ہے۔ محمد عرفان، جنید خان اور وہاب ریاض ایسے کنڈیشنز میں کارآمد ثابت ہوتے ہیں ۔ انور علی اور بلاول بھٹی آل راﺅنڈر کا آپشن بھی دیتے ہیں۔ سرفراز احمد کو ون ڈے ٹیم میں ہونا چاہئے۔اسد شفیق ایک اور کھلاڑی ہے جسے میں بہت پسند کرتا ہوں کیونکہ وہ اپنا سر ٹھنڈا رکھتا ہے۔کپتان رہنے کی تصدیق سے مصباح الحق پر موجود دباﺅ ختم ہوگیا ہے۔
"مصباح اس اعلان سے قبل شدید دباﺅ میں تھا بدقسمتی سے سری لنکا کا دورہ اس کے لیے اچھا نہیں رہا، مگر مجھے یقین ہے اب وہ زیادہ اطمینان محسوس کررہا ہوگا اور آسٹریلیا کیخلاف سیریز پر اپنی توجہ مرکوز کرسکے گا،تاہم اپنی سوچ میں تبدیلی لانی چاہئے جو ٹیم کی ضروریات کے مطابق ہو۔
انہوں نے کہا کہ ورلڈکپ کے چیلنج کے موقع پر پاکستان کے حامیوں کو اپنی ٹیم کے پیچھے کھڑا ہونا چاہئے"ہمیں اپنی ماضی کی تاریخ سے سبق لینا چاہئے، میں 1992 کے ورلڈکپ سے چند روز قبل انجرڈ ہوکر ایونٹ سے باہر ہوگیا اور پھر بھی ہم ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہے کیونکہ ہر ایک نے ٹیم کی حمایت کی۔ان کا کہنا تھا"ہمیں آج اسی طرح کی حمایت کی ضرورت ہے جو ہماری ٹیم کا جوش بڑھائے"۔وقار یونس نے کہا کہ"آخر ہم اس قوم کا حصہ ہیں جس نے تمام تر مشکل حالات کے باوجود فتح کا تاج اپنے سر پر سجایا ہے"۔