سپاٹ فکسنگ سکینڈل :ای سی ایل سے نام نکلوانے کی لئے محمد عرفان کی درخواست پر وفاق سے جواب طلب
لاہور (نمائندہ سپورٹس+ وقائع نگار خصوصی) پی ایس ایل سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں سزا یافتہ قومی کرکٹر محمد عرفان کی جانب سے اپنا نام ای سی ایل سے نکلوانے کیلئے دائر کی گئی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت سے 2 نومبر تک جواب طلب کر لیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے درخواست کی سماعت کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے سپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث پائے جانے پر دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ محمد عرفان کا نام بھی ای سی ایل میں ڈالا گیا تھا۔ محمد عرفان پی سی بی ڈسپلنری پینل کی جانب سے دی گئی سزا مکمل کر چکے ہیں تاہم ابھی تک ان کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا گیا۔ جس پر عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ الزامات سے بری ہونے کے باوجود نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں کیوں شامل رکھا گیا ہے۔ ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت سے جواب داخل کرنے کے لئے مہلت طلب کر لیا جس پر عدالت نے کیس کی سماعت 2 نومبر تک ملتوی کرتے ہوئے وزارت داخلہ اور پی سی بی سے جواب طلب کر لیا۔