ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی : بھارت نے پاکستان کو 3-2سے ہرادیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر ) بھارت نے ایشین چمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنا منٹ کے گروپ میچ میں دفاعی چیمپئن پاکستان کو 2-3 سے ہرادیا۔ملائیشیا میں کھیلے گئے میچ میں پرادیپ مور نے گیارھویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی جس کو پاکستان کے محمد رضوان سینئر نے 31 ویں منٹ میں گول کرکے برابر کردیا۔محمدعرفان جونیئر نے 39 منٹ میں پاکستان کو برتری دلادی جو زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکی اور چار منٹ بعد روپندرپال سنگھ نے پنالٹی کارنر پر گول کرکے میچ کو ایک دفعہ پھر برابر کردیا۔میچ کے 44 ویں منٹ میں بھارت رامندیپ سنگھ کے گول کی بدولت فیصلہ کن برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہوا جو میچ کے آخر تک برقرار رہی۔بھارتی ٹیم اس کامیابی کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر 7 پوائنٹس کے ساتھ بدستور سرفہرست ہے اور پاکستان دوناکامیوں اور ایک کامیابی کے ساتھ 3 پوائنٹس حاصل کرکے تیسرے نمبر پر ہے۔واضح رہے پاکستان ٹیم کو چمپیئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں ملائیشیا کے ہاتھوں 2-4 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ دوسرے میچ میں جنوبی کوریا کو 0-1 سے شکست دی تھی۔پاکستان ٹیم اپنا اگلا میچ 25 اکتوبر کو جاپان کے خلاف کھیلے گی جبکہ گروپ میں آخری میچ چین کے خلاف 27 اکتوبر کو ہوگا۔