پی سی بی کے لوگ ویمن کرکٹ کو چلانے کی اہلیت نہیں رکھتے : بشریٰ اعتزاز
لاہور (نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے لوگ ویمن کرکٹ کو چلانے کی اہلیت نہیں رکھتے۔ آج تک انہوں نے خواتین کی کرکٹ کیلئے کوئی کام نہیں کیا۔ ہم خود ہی اپنے تمام کام کرتے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سابق چیئرپرسن ویمن ونگ بشریٰ اعتزاز نے کیا۔ وہ کرکٹ بورڈ کے نئے آئین کے تحت ویمن ونگ کی چیئرپرسن کا عہدہ ختم کئے جانے کے بعد نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی علاقائی کرکٹ سے لیکر بین الاقوامی سطح تک کی تمام کرکٹ کے معاملات خود ہی حل کرتے تھے۔ کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیدار کسی عمل کا کبھی حصہ نہیں رہے۔ کرکٹ بورڈ کے افسران نے آج تک ویمنز کرکٹ کیلئے کچھ نہیں کیا۔ افسران کی عدم توجہ کے باعث ہی چیئرمین کرکٹ بورڈ ویمن کرکٹ کے تمام معاملات کو خود دیکھتے تھے۔ اب یہ سارا کام کیسے ہو گا، کچھ نہیں کہا جا سکتا۔ جب کسی کو کچھ علم ہی نہیں تو کام کیسے ہو گا!