سکواش کھلاڑیوں کو زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لئے فنڈز کی ضرورت ہے: طاہر رفیق بٹ
لاہور (نمائندہ سپورٹس) چیف آف ائر سٹاف اور سکواشفیڈریشن کے صدر طاہر رفیق بٹ نے نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کہا ہے کہ پاکستان ائرفورس کی وجہ سے سکواش کے میدان میں پاکستان نے کئی اعزازات حاصل کئے ہیں۔ ہم نے اپنی سطح پر رہ کر کھلاڑیوں کو ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی ہے۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ کھلاڑی بیرون ملک مقابلوں میں شرکت کرتے رہیں۔ ہمیں اپنی سرگرمیاںجاری رکھنے اور کھلاڑیوں کو کھیل کے زیادہ مواقع فراہم کرنے کیلئے فنڈز کی بھی ضرورت ہے۔ اس سلسلے میں سپانسرز کو آگے آنا چاہئے۔ ہمارے کھلاڑی باصلاحیت ہیں۔ ان کی تربیت اور حالیہ کامیابیوں میں بھی سکواش فیڈریشن کا بڑا حصہ ہے۔ مجھے عامر اطلس کے چیف آف ائر سٹاف سکواش ٹورنامنٹ کے فائنل میں ناکامی کا دکھ ہے۔ میری خواہش تھی کہ وہ اس ایونٹ میں کامیابی حاصل کرے۔ ایشین گیمز میں ہمیں عامر اطلس کی کمی محسوس ہوئی۔ وہ ایک باصلاحیت کھلاڑی ہے، ہم اس کی ضروریات کا خیال رکھتے ہوئے اپنے ہونہار کھلاڑی کا ہرممکن خیال رکھیں گے ۔عامر اطلس ہی نہیں بلکہ تمام کھلاڑیوںکی ضروریات کا خیال رکھا جائے گا۔