دورہ انگلینڈ میں کھلاڑیوں کی ذہنی پختگی اہم کردار ادا کریگی: ظہیر عباس
کراچی(آئی این پی)انٹر نیشنل کر کٹ کونسل (آئی سی سی) صدر ظہیر عباس نے کہا ہے کہ آئی سی سی میں اپنی بات منوانے کی کوشش کی مگر بھارت زیادہ پیسہ دیتا ہے اسلئے اس کی سنی جاتی ہے، قومی کرکٹرز کی پرفارمنس پر افسوس ہوتا ہے، لیجنڈز کر کٹرز کے آنے کا سلسلہ رک گیا ہے، ٹیم میںسینئرز کا متبادل نظر نہیں آرہا،قومی ٹیم پر ایسا وقت آ گیا ہے کہ ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنے کے بھی لالے پڑ گئے ہیں، دورہ انگلینڈ میں کھلاڑیوں کی ذہنی پختگی اہم کردار ادا کرے گی۔ اپنے اعزاز میں کراچی میں پروقار تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ایشیئن بریڈ مین ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حالات بہتر ہو رہے ہیں۔ظہیر عباس قومی کرکٹرز کی پر فارمنس سے مایوس نظر آئے، ان کا کہنا تھا کہ اب۔27جولائی کو ظہیر عباس کی صدارت کا آخری دن ہے جس کے بعد آئی سی سی میں اس عہدہ کو ختم کر دیا جائے گا۔ اپنے اعزاز میں دی گئی تقریب سے خظاب کرتے ہوئے ظہیر عباس نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر بہت افسوس ہوتا ہے کہ آج ہمارے کھلاڑی قابل تحسین کارکردگی دکھانے سے قاصر ہیں۔ معلوم نہیں کہ ماضی جیسی کارکردگی کہاں گئی، لیجنڈز کے آنے کا سلسلہ رک گیا ہے، سینئرز کا متبادل نظر نہیں آرہا، آج نوبت یہاں پہنچ گئی ہے کہ پاکستان کو کوالیفائنگ رانڈ کھیلنا پڑ رہے ہیں، جو بیٹسمین گیند کو سمجھ نہ سکے اس کا کوئی فائدہ نہیں، ہمارے کھلاڑی اتنے بڑے ہوجائیں کہ بھارتی کرکٹرز کی طرف دیکھنا چھوڑ دیں، غیرملکی ٹیموں کے نہ آنے سے پاکستان سے کرکٹ ختم ہوگئی، قومی کرکٹرز کو اپنے ملک میں کھیلنے کے مواقع نہیں مل پارہے، تاہم اس حوالے سے پی سی بی کو اپنی کوششیں جاری رکھنا ہوں گی۔حالات بہتری کی جانب گامزن اور امید ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ جلد بحال ہوگی، اگلے ایک سے دو برسوں میں غیر ملکی ٹیموں کی آمد شروع ہو جائیگی، انھوں نے کہا کہ آئی سی کی صدارت کا منصب ملنا پاکستان کے لیے بھی باعث عزت رہا، یہ ذمہ داری ادا کرتے ہوئے مجھے کوئی دشواری پیش نہ آئی،27 جولائی کو ذمہ داری کی مدت بخوبی مکمل ہونے پر خوشی ہے، بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے آئی سی سی کو کنٹرول کرنے کا تاثر درست نہیں، تاہم جو زیادہ مالی معاونت کرے اس کی باتیں بھی سننا پڑتی ہیں۔