زمبابوے کرکٹ ٹیم کی پریکٹس ، قومی کرکٹرز نے آرام کیا
لاہور (سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس+ کلچرل رپورٹر) پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرے ٹی ٹونٹی میچ سے ایک روز قبل قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے آرام کو ترجیح دی جبکہ زمبابوے ٹیم کے کھلاڑیوں نے قذافی سٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس میں حصہ لیا۔ گذشتہ روز پریکٹس سیشن کے دوران پاکستان ٹیم کے ریزرو کھلاڑی قذافی سٹیڈیم میں پریکٹس اور فزیکل فٹنس پر توجہ دیتے دکھائی دیئے جبکہ مہمان زمبابوے ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنے کوچنگ سٹاف کی نگرانی میں بیٹنگ، باولنگ اور فیلڈنگ سیشن میں حصہ لیا۔ زمبابوے ٹیم کی سہ پہر تین بجے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ کی تیاری کرنے کا ایک مقصد 26 مئی سے شروع ہونے والے تین ایک روزہ میچز کی سیریز کی تیاری بھی کرنا ہے کیونکہ ون ڈے سیریز کے میچز کا آغاز دن چار بجے ہونا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے زمبابوے کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور آفیشلز کے اعزاز میں پُرتکلف عشائیہ دیا۔ آج شام ٹی ٹونٹی میچ میں امپائرنگ کے فرائض احسن رضا اور احمد شہاب سر انجام دیں گے۔ عشائیے میں پاکستانی سکواڈ کے کئی کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔ شاہد آفریدی کے ساتھ ان کی صاحبزادی بھی موجود تھیں۔ فنکار برادری پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہونے پر بہت زیادہ خوشی ہے۔ فنکاروں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ دہشت گردوں کو بتا دیں گے کہ ان کے مذموم مقاصد کامیاب نہیں ہونگے۔ ہم پُرامن اور پیار کرنے والی قوم ہیں، قومی کرکٹرز کے ساتھ ساتھ مہمان ٹیم کے کھلاڑیوں کی بھی حوصلہ افزائی کریں گے۔ اداکارہ ماہ نور، میرا، شاہدہ منی، زری، اداکار سہیل احمد، افتخار ٹھاکر، گلوکار وارث بیگ، عدیل برکی نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی موقع پر قومی اور مہمان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔ شائقین سٹیڈیم میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں پہنچیں اور دنیا کو بتا دیں کہ ہم پُرامن اور کرکٹ سے پیار کرنے والے لوگ ہیں۔