پاکستان نے اے ایف سی انڈر14 فیسٹیول آف فٹبال میچ میں بنگلہ دیش کو ہرا دیا

لاہور (سپوز ٹس رپو رٹر) پاکستان نے بنگلہ دیش کو 8-0سے ہرا کرکامیابی کا سلسلہ جاری رکھا اور اے ایف سی انڈر 14 فیسٹیول آف فٹبال میں چوتھا میچ بھی جیت لیا۔ یہ میچ میونسپیلیٹی سپورٹس کمپلیکس میں کھیلا گیا جو ایران کے شہر ہمدان سٹی میں قائم ہے۔ ایشیئن فٹبال کنفیڈریشن کے زیراہتمام ایونٹ کے 33 میچز 23 مئی کو مکمل ہو گئے۔ منیر احمد کی قیادت اور حسن بلوچ کی کوچنگ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو فارمیٹ ٹو کے میچ میں بالکل سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور وقفہ پر ہی تین صفر کی سبقت لے لی۔ فیصل آباد میں پیدا ہونے والے محمد بلال نے اس یک طرفہ میچ میں دو گول کئے جس کے باعث بلال کے ایونٹ میں کل پانچ گول ہوگئے جس نے بدھ کو پاکستان کی بھارت کے خلاف تاریخی 4-2 کی فتح میں دو گول سکور کئے تھے۔ بلال نے 11ویں منٹ میں پاکستان کو برتری دلائی۔ شہباز مسیح‘ حسن پرویز نے ایک ایک جبکہ رضا علی اور ذیشان نے 2-2 گول بنائے۔ اس طرح پاکستان نے آٹھ میچوں میں چار مقابلے جیتے جبکہ انھیں ایک میچ میں شکست ہوئی اور تین مقابلے برابر رہے۔ بدھ کو پاکستان نے مالدیپ کو 4-0، بھارت کو4-2 سے ہرایا تھا اور یہ ایران سے0-1 سے ہار گئے تھے جبکہ جمعرات کو پاکستان نے مالدیپ کو 2-0سے ہرایا اور ان کا مقابلہ بنگلہ دیش اور ایران سے 0-0 رہا۔ ہفتہ کو پاکستان اور نیپال کا مقابلہ 1-1 رہا اور بعدازاں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 8-0 سے روند ڈالا۔ اس ایونٹ میں آٹھ ملکوں کے 176کھلاڑی نے جوہر دکھا ئے جو یکم جنوری1996 یا اس کے بعد پیدا ہوئے ہیں۔