ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

لاہور ( اپنے نامہ نگار سے ) عدالتی حکم کے باوجود فٹ بال ایسوسی ایشن کے معاملات میں مداخلت کرنے پر ڈی جی سپورٹس بورڈ پنجاب عثمان انور کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی۔ فاضل جسٹس اعجازالاحسن نے کیس جسٹس منصور علی شاہ کے پاس بھجوانے کی سفارش کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجازالاحسن نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عدالت عالیہ نے سپورٹس بورڈ پنجاب کو فٹ بال ایسوسی ایشن کے معاملات میں مداخلت سے روک رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ عدالت عالیہ کے واضح احکامات کے باوجود ڈی جی سپورٹس بورڈ فٹ بال ایسوسی ایشن کے معاملات میں مسلسل مداخلت کر کے توہین عدالت کے مرتکب ہو رہے ہیں لہٰذا انکے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے عدالت کو مزید آگاہ کیا کہ اس حوالے سے معاملہ جسٹس منصور علی شاہ کے پاس زیر التوا ہے جس پر عدالت نے کیس جسٹس منصور علی شاہ کے پاس بھجوانے کی سفارش کرتے ہوئے فائل واپس چیف جسٹس کو بھجوا دی۔