معاملات طے پا گئے، وسیم اکرم نوجوان فاسٹ بائولرز کو ٹریننگ دیں گے

معاملات طے پا گئے، وسیم اکرم نوجوان فاسٹ بائولرز کو ٹریننگ دیں گے

لاہور (حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) سابق کپتان اور عظیم فاسٹ باؤلر وسیم اکرم اگست کے مہینے میں دو ہفتے کے ٹریننگ کیمپ میں پاکستان کے تیز گیندبازوں کی تربیت کے فرائض انجام دیں گے۔ ذرائع کے مطابق وسیم اکرم سے اس ضمن میں معاملات طے پا گئے ہیں۔ فاسٹ باؤلر کی مصروفیات کے پیش نظر ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کراچی میں کیا جائیگا۔ دو ہفتوں تک جاری رہنے والے اس کیمپ میں وسیم اکرم ملک بھر سے ابھرتے ہوئے تیز گیندبازوں کی تربیت اور رہنمائی کے فرائض انجام دیں گے۔ ذرائع کے مطابق سلیکشن کمیٹی کو باصلاحیت فاسٹ باؤلرز کی فہرست تیار کرنے کی ذمہ داری دیدی گئی ہے۔ سلیکشن کمیٹی فرسٹ کلاس کرکٹ کے ٹاپ پرفارمرز اور انڈر 19 کی سطح پر غیرمعمولی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں کی فہرست تیار کرے گی۔ ایسے تیز گیندباز جو قومی ٹیم کے ساتھ مصروف نہیں ہونگے انہیں بھی وسیم اکرم کی زیرنگرانی تربیتی کیمپ کا حصہ بنایا جائیگا۔ وسیم اکرم نے حالیہ دنوں میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان اور ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی سے ملاقاتیں کی تھیں۔ کرکٹ بورڈ نے وسیم اکرم کو نوجوان فاسٹ باؤلرز کی تربیت کی درخواست کی تھی۔ سابق کپتان نے پی سی بی کی پیشکش پر مثبت جواب دیتے ہوئے اپنی مصروفیات میں فارغ وقت بورڈ حکام کو بتا دیا۔