فٹبال ورلڈکپ،آج مزید چار میچوں کے فیصلے ہوں گے

برازیلیا (اے پی پی) بیسویں فیفا ورلڈ کپ فٹ بال ٹورنامنٹ میں (آج) منگل کو مزید چار میچوں کے فیصلے ہوں گے۔ چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن اٹالین ٹیم کو پری کوارٹر فائنل تک رسائی کیلئے یورو گوئے کا چیلنج درپیش ہے۔ برازیل میں جاری میگا ایونٹ میں دنیائے فٹ بال کی ٹاپ ٹیموں کے درمیان دلچسپ و سنسنی خیز مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے، اسی حوالے سے آج منگل کو مزید چار میچز کھیلے جائیں گے۔ گروپ سی کے پہلے میچ میں جاپان کی ٹیم کولمبیا کے مدمقابل ہو گی جبکہ اسی گروپ کا دوسرا میچ آئیوری کوسٹ اور یونان کے درمیان کھیلا جائے گا۔ کولمبیا کی ٹیم دو میچ جیت کر پہلے ہی پری کوارٹر فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ گروپ ڈی کے پہلے میچ میں اٹلی کی ٹیم کو اگلے رائونڈ تک رسائی کیلئے یوروگوئے کا چیلنج درپیش ہے جبکہ اسی گروپ کا دوسرا میچ کوسٹا ریکا اور انگلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔