ایشین جونیئر کوائش چیمپئن شپ‘ پاکستانی کھلاڑی پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

تہران (اے پی پی) اکیسویں ایشین جونیئر انفرادی سکوائش چیمپئن شپ میں پاکستان کے پانچوں کھلاڑی پہلے رائونڈ میں بائی ملنے پر اپنی اپنی کیٹگریز کے پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ تہران میں جاری چیمپئن شپ میں پاکستانی کے تین کھلاڑی بوائز انڈر 19 جبکہ ایک کھلاڑی انڈر 15 اور ایک کھلاڑی انڈر 13 کیٹگری میں حصہ لے رہا ہے۔ پہلے روز پانچوں کھلاڑیوں کو اپنی اپنی کیٹگریز کے پہلے رائونڈ میں بائی مل گئی جس کی وجہ سے وہ میچ کھیلے بغیر ہی پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔ انڈر 19 کیٹگری میں پاکستانی کھلاڑی محمد آصف خان کا پری کوارٹر فائنل میں ایرانی کھلاڑی سے مقابلہ ہو گا، اسرار احمد قطر کے کھلاڑی کے مدمقابل ہوں گے جبکہ طیب اسلم سری لنکن کھلاڑی کے خلاف ایکشن میں نظر آئیں گے۔ دوسری جانب بوائز انڈر 15 کیٹگری میں پاکستانی کھلاڑی محمد دروشم خان روایتی حریف بھارتی کھلاڑی کے آمنے سامنے ہوں گے جبکہ بوائز انڈر 13 کیٹگری میں پاکستان کے حارث قاسم کا مقابلہ ایرانی کھلاڑی سے ہو گا۔