سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا آغاز آج ہو گا

لندن (این این آئی)سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا آغازآج سے چرچ روڈ، لندن میں ہو گا۔ راجر فیڈرر مینز سنگلز اور سرینا ولیمز ویمنز سنگلز مقابلوں میں ٹائٹل کا دفاع کریں گی۔ 7 جولائی تک جاری رہنے والے ایونٹ میں دنیا بھر سے ٹاپ مردوخواتین کھلاڑی قسمت آزمائی کریں گے۔ کھلاڑیوں کے درمیان مینز سنگلز، مینز ڈبلز، مکسڈ ڈبلز، ویمنز سنگلز، ویمنز ڈبلز، بوائز سنگلز، گرلز سنگلز، بوائز ڈبلز، گرلز ڈبلز، جنٹلمین انوی ٹیشن ڈبلز، لیڈیز انوی ٹیشن ڈبلز، سینئر جنٹلمینز انوی ٹیشن ڈبلز، ویل چیئر مینز ڈبلز اور ویل چیئر ویمنز ڈبلز کے مقابلے ہوں گے۔
 مینز سنگلز میں سوئٹزرلینڈ کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک راجر فیڈرر جبکہ ویمنز سنگلز میں امریکہ کی سرینا ولیمز ٹائٹل کا دفاع کریں گی۔ مینز ڈبلز میں برطانیہ کے جوناتھن مرے اور ان کے ڈنمارک کے جوڑی دار فریڈرک نیلسن اور ویمنز ڈبلز میں سرینا ولیمز اور وینس ولیمز ٹائٹلز کے دفاع کےلئے ایکشن میں نظر آئیں گی۔ مکسڈ ڈبلز ایونٹ میں امریکہ کے مائیک برائن اور ان کی ہم وطن جوڑی دار لیزا ریمونڈ اعزاز کا دفاع کریں گی۔