شعیب ملک ڈر پوک بیٹسمین اب گھر بھیج دینا چاہیے:محمد یوسف
ملتان (سپورٹس ڈیسک )ون ڈے سیریز میں جہاں ٹیم پاکستان کو 0-5 کی ہزیمت سے دوچار ہونا پڑا تھا اور سیریز میں سابق کپتان شعیب ملک بری طرح ناکام ہوئے۔ محمد یوسف کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ میں شعیب ملک کو بھیجنے کا فیصلہ ہی غلط تھا۔محمد یوسف کے خیال میں شعیب ملک صرف یواے ای ،ایشیا اور ویسٹ انڈیز کی پچز پر بیٹنگ کر سکتے ہیں۔پاکستان کے لئے 1998ء سے 2010ء تک 288ون ڈے کھیلنے والے 43سالہ محمد یوسف نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی موجودہ پچز پر ہمارے بیٹسمین محض ڈر کر اپنی وکٹیں گنواتے رہے۔یوسف نے اس بات کو تسلیم کیا کہ دنیا میں کوئی ایسا بیٹسمین نہیں جو گیند سے نہ ڈرتا ہو،البتہ شعیب ملک جس انداز میں نیوزی لینڈ میں ان کے بولرز سے ڈر کر کھیلے اور وکٹ سے اتر رہے تھے،یہ انتہائی افسوس ناک مظاہرہ تھا۔محمد یوسف نے اپنی بات کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا جب شعیب ملک نیوزی لینڈ جا کر ناکام ہوئے ہوں۔