پاکستان نے بھارت کو انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں ہرا کر آئی پی ایل کی بے عزتی کا بدلہ لے لیا

لاہور + اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ آن لائن) آئی سی سی انڈر19ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں پاکستانی ٹیم نے بھارت کو2وکٹوں سے شکست دیکر انڈیا سے آئی پی ایل میں پاکستانی کرکٹرز کو بے عزت کرنے کا بدلہ چکا دیا اور اپنی کارکردگی سے دنیا کو ثابت کیا ہے کہ پاکستانی نوجوان کسی بھی میدان میں اپنا آپ ثابت کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق قومی کھلاڑیوں معین خان‘ عبدالقادر‘ رمیز راجہ‘ وقار یونس‘ انضمام سمیت کرکٹر شائقین نے انڈر19ورلڈ کپ میں پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ قوم کو انڈر 19ورلڈ کپ کا تحفہ دینگے۔ قومی کرکٹرز نے ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں نے اچھا کھیل پیش کیا اور بھارتی کھلاڑیوں اور آئی پی ایل حکام کو پاکستانی کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں شامل نہ کرنے کا منہ توڑ جواب دے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ ٹاﺅن شپ کے ناصر نے کہا کہ بھارتی حکومت کی چھتر چھاﺅں تلے ہونے والے آئی پی ایل ایونٹ میں ہندو بنئے نے پاکستانی سٹارز کے ساتھ جو سلوک روا رکھا ہے اس پر پوری دنیا اس پر تھو تھو کر رہی ہے۔ فیصل ٹاﺅن کے جمیل حسین نے کہا کہ ہماری یوتھ ٹیم نے بھارتی ٹیم پر برتری ثابت کر کے دکھا دیا ہے کہ انہیں سازشوں کے ذریعے نہیں ہرایا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کو بھارتی حکومت اور بی سی سی آئی کو کم از کم شوکاز نوٹس جاری کرنا چاہئے۔ میوگارڈن کے فرخ تیمور نے کہا کہ پاکستان کی یوتھ ٹیم نے ثابت کیا ہے کہ ہمارے ہاں ٹیلنٹ کی کمی نہیں۔