سکیورٹی خدشات جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان منسوخ کردیا

اسلام آباد + کراچی (اے پی پی + اے ایف پی) جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم نے سیکورٹی خدشات کے باعث 3 ٹیسٹ اور 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کیلئے دورہ پاکستان منسوخ کر دیا ہے جبکہ پی سی بی نے جنوبی افریقہ کو متحدہ عرب امارات میں ٹیسٹ‘ ون ڈے اور ٹوئنٹی 20 کھیلنے کی پیشکش کر دی۔ شیڈول کے مطابق جنوبی افریقہ کی ٹیم نے رواں سال اکتوبر اور نومبر میں پاکستان کا دروہ کرنا تھا۔ ہفتہ کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اعجاز بٹ نے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے سیکورٹی خدشات کی بناءپر پاکستان کا دورہ کرنے سے انکار کر دیا ہے تاہم انہوں نے پاکستان کو جنوبی افریقہ میں اس سیریز کی میزبانی کرنے کی پیشکش کی ہے جو ممکن نہیں۔ تاہم متحدہ عرب امارات جنوبی افریقہ کو سیریز کھیلنے پر قائل کر لینگے۔ پی سی بی کے چیئرمین نے ایک غیر ملکی ٹیلی ویژن چینلز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے لاہور میں سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد پاکستان میں کسی قسم کا بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلا گیا جس کی وجہ سے پی سی بی کو ناقابل تلافی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی پاکستان کو ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تھا اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کو متبادل مقامات پر منتقل کیا گیا تھا۔ اعجاز بٹ نے کہا کہ پی سی بی رواں سال روایتی حریف بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کسی متبادل مقام پر کروانے کی کوشش کر رہا ہے۔ دریں اثناءاعجاز بٹ نے دورہ آسٹریلیا کے بعد قومی ٹیم کے نئے کپتان کا عندیہ بھی دیا۔