آسٹریلیا اور پاکستان کے مابین دوسرا ون ڈے آج سڈنی میں کھیلا جائے گا

سڈنی (اے پی پی) آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ (آج) اتوار کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان یہ میچ ڈے اینڈ نائٹ ہوگا۔ اس سے قبل عالمی چیمپئن آسٹریلیا نے22 جنوری کو برسبین میں کھیلے جانے والے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان 5 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر رکھی ہے۔ آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے کہا ہے کہ انکی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور بھرپور فارم میں ہے اور پاکستان ٹیم کے خلاف دوسرے میچ میں بھی جارحانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شکست سے دوچار کرے گی۔آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف دوسرے اور تیسرے ایک روزہ میچ کیلئے 13 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے اور تیسرے ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ کیلئے 13 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ جیمز ہوپس کو آسٹریلوی ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔ ٹیم کی قیادت رکی پونٹنگ کرینگے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں مائیکل کلارک، مائیکل ہسی، شان مارش، بریڈ ہیڈن، جیمز ہوپس، ڈگ بولنجر، نیتھن مارٹز، کلائنٹ میک کاٹے، پیڑسڈل، شین واٹسن ووگ اور کیمرون وائٹ شامل ہیں۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد یوسف نے کہا ہے کہ وہ دوسرے ایک روزہ میچ کیلئے مربوط حکمت عملی کے تحت جیت کیلئے ٹیم کو میدان میں اتاریں گے اور میزبان ٹیم کو شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کرنے کی کوشش کریں گے۔