ایمرجنگ ٹیمز کپ: عثمان‘ حماد نے پاکستان کو فائنل میں پہنچا دیا‘ کل بھارت سے مقابلہ ہو گا

ایمرجنگ ٹیمز کپ: عثمان‘ حماد نے پاکستان کو فائنل میں پہنچا دیا‘ کل بھارت سے مقابلہ ہو گا

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے ایشین کرکٹ کونسل ایمرجنگ ٹیمز کپ کے فائنل کےلئے کوالیفائی کر لیا۔ سیمی فائنل میں سری لنکا نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 230 رنز بنائے۔ اودارا جیا سندرا نے 94 رنز کی دلکش اننگز کھیلی اور ٹاپ سکورر رہے۔ عثمان قادر نے تباہ کن باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، رضا حسن اور محمد نواز نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستانی ٹیم نے ہدف 48.5 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ حماد اعظم نے 66 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ پہلے سیمی فائنل میں بھارت نے متحدہ عرب امارات کو 46 رنز سے ہرایا۔ بھارتی ٹیم 49.5 اوورز میں 208 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی تھی۔ احمد رضا نے 5 اور محمد نوید نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ متحدہ عرب امارات کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 162 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ اکشر پٹیل نے چار وکٹیں حاصل کیں۔فائنل میں پاکستانی ٹیم روایتی حریف بھارت کل آمنے سامنے ہو گی۔