سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن کی درستگی پر کام کا آغاز کل سے ہو گا
لاہور (نمائندہ سپورٹس)ثقلین مشتاق پابندی کے شکار سعید اجمل کے ایکشن کی درستگی پر کام کا آغاز لاہور میں چوبیس ستمبر سے کریں گے۔آئی سی سی کی جانب سے پابندی کے شکار سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن پر کام کیلئے پی سی بی نے دوسرا کے موجد ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کی ہیں جس کیلئے انہوں نے بائیس ستمبر کو لاہور پہنچ کر کام شروع کرنا تھا مگر فلائٹ کی عدم دستیابی کی وجہ سے اب وہ 23 ستمبر کو لاہور پہنچیں گے اور اگلے روز سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں بورڈ کے باؤلنگ کنسلٹینٹ اور ریوئیو کمیٹی کے رکن مشتاق احمد کی موجودگی میں کام کا آغاز کریں گے۔ذرائع کے مطابق ثقلین مشتاق کے باؤلنگ ایکشن پر دو ماہ تک کام کیا جائیگا اور پھر ایکشن میں بہتری آنے پر ریوئیو کمیٹی بورڈ کو رپورٹ پیش کرے گی جس کی روشنی میں سعید اجمل کے ایکش کو ری ایسس کرانے کی آئی سی سی کو درخواست کی جائے گی تاکہ کلئیر ہونے کی صورت میں ورلڈ کپ دو ہزار پندرہ میں پاکستان کی نمائندگی کرسکیں۔