ایشین بیچ گیمز کبڈی: پاکستان بھارت کو شکست دیکر فائنل میں پہنچ گیا
لاہور (نمائندہ سپورٹس) ایشین بیچ گیمز میں پاکستان کا ایک اور تمغہ یقینی ہوگیا۔ قومی کبڈی ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو دھول چٹا تے ہوئے کبڈی ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ گولڈ میڈل میچ کے لیے ایران سے مقابلہ ہوگا۔ تھا ئی لینڈ کے شہرپھوکٹ میں جاری چوتھے ایشین بیچ گیمزکے کبڈی ایونٹ کے سیمی فائنل میں قومی کھلاڑی میچ کے آغاز سے ہی بھارتی پلئیرز پرحاوی رہے۔ پہلے ہاف میں سولہ کے مقابلہ میں اٹھارہ پوائنٹس سے برتر ی حاصل کی۔دوسرے ہاف میں پاکستان نے بھارتی کھلاڑیوں کے اوسان خطاکردیئے اور مزید اکیس پوائنٹس سکور کیے جبکہ بھارت بارہ پوائنٹس ہی حاصل کرسکا۔پاکستان نے میچ میں انتالیس اٹھائیس کے سکور سے میچ میں فتح حاصل کی اور فائنل میں جگہ بنالی جہاں اس کامقابلہ ایران سے ہوگا۔بیچ ہینڈبال ایونٹ میں پاکستان نے بحرین کودو ایک سے شکست دیتے ہوئے کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا۔ ایونٹ میں پاکستان کے میڈلز کی تعداد نو ہوگئی ہے۔