کھلاڑیوں کے لیے فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی خوش آئند ہے، نجم سیٹھی
لاہور( حافظ محمد عمران/ نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر داخلہ کی جانب سے ورلڈ الیون، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے لیے فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی خوش آئند ہے۔ آئندہ ماہ ورلڈ الیون کے دورے کے کامیاب اور پرامن انعقاد کی بنیاد پر سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی۔ ورلڈ الیون کے دورے کی اہمیت کے پیش نظر وفاقی و صوبائی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کام بہت اہم ہے۔ ہم کوئی بھی خامی یا کمی نہیں چھوڑنا چاہتے تمام معاملات پر گہری اور قریبی نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ وہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال سے ملاقات کے بعد نوائے وقت کے ساتھ خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا حکومتی سطح پر پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر خوشی پائی جاتی ہے اور اس اہم موقع پر وزارت داخلہ کی گہری دلچسپی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی خوش آئند اور حوصلہ افزا ہے۔ ہم نے ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے موقع پر کام کرنے کے انداز اور طریقہ کار پر تفصیلی گفتگو کی ہے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کی سیکیورٹی معاملات پر بات چیت کی گئی ہے۔ پروڈکشن ٹیم میں شامل غیر ملکیوں کے ویزہ جاری کرنے کے حوالے سے بھی وزارت داخلہ کو ضروریات اور مسائل سے آگاہ کیا ہے۔ سفری معاملات میں ہر قسم کی ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے وزارت داخلہ نے اس معاملے پر بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔