متنازع عالمی چیمپئن ایتھلیٹس کاسٹر سمینیاکی برطرفی کا مطالبہ

جنوبی افریقہ کی ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے صدر لیونارڈ شونے کو متنازع عالمی چیمپئن ایتھلیٹس کاسٹر سمینیا کی جنس کے تعین کے لیے کیے جانے والے ٹیسٹ کے معاملے پر برطرفی کے مطالبوں کا سامنا ہے۔ لیونارڈ شونے نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے اگست میں آٹھ سو میٹر کی دوڑ سے قبل کاسٹر سمینیا کے ٹیسٹوں کے بارے دروغ گوئی سے کام لیا تھا۔ سمینیا کے طلائی تمغہ جیتنے کے بعد کھیلوں کے عالمی ادارے آئی اے اے ایف کی گورننگ باڈی نے جب سمینیا کی جنس کے بارے میں شک رفع کرنے کے لیے جنسی معائنہ کرانے کی بات کی تھی تو شونے نے اس پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔جنوبی افریقہ میں کھیلوں کے نائب وزیر گرٹ اوستھوئی زین نے ان کی برطرفی کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’اگر ایسا نہیں کیا جاتا تو اس کا مطلب یہ ہو گا کہ ادارہ ایک جھوٹے کی قیادت میں کام کرنے کا خطرہ مول لے رہا ہے‘۔سمینیا کی جنس کے تعین کے لیے ٹیسٹ کرانے کا معاملہ ذرائع ابلاغ میں دوڑ کے باقاعدہ نتائج کے سرکاری اعلان سے قبل ہی افشا ہو گیا تھا۔