کامیابی کیلئے 100 فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی: مصباح‘ سپن وکٹ چیلنج بن گئی: کلارک
لاہور(سپورٹس رپورٹر/نمائندہ سپورٹس) پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آج سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں دوبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل ہو نگی۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن 11 بجے شروع ہو گا۔دونوں ٹیموں کے مابین دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ آج سے پاکستانی وقت کے مطابق گیارہ بجے دن دوبئی میں شرو ع ہوگا ۔قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کے لئے تمام کھلاڑیوں کو 100 فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ اگر سینئر کھلاڑی پر فارم نہ کریں تو ٹیم کی کارکردگی پر بڑا فرق پڑتا ہے، دبئی کی وکٹ دیگر وکٹوں سے مختلف ہے اور گیند بھی بلے پر آر ہی ہے، آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں فارم میں واپسی کے لئے پر امید ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف سپنر کو اپنی کارکردگی دکھانا ہو گی کیونکہ دبئی کی وکٹ سپنرز کے لئے سازگار ہے، تمام کھلاڑیوں کی کارکردگی سے مطمئن ہوں اور ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کو شکست دینے کی بھرپور کوشش کریں گے۔مصباح الحق نے آسٹریلیا کے خلاف ’’اے ٹیم‘‘ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس طرح سے جونیئرز نے آسٹریلیا کو شکست دی تو یہ ہمارے لئے ایک اچھی مثال ہے، اگر ہم بھی اسی جذبے کے ساتھ آسٹریلیا کے خلاف میدان میں اترے تو ہم بھی آسٹریلیا کو شکست دے دیں گے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ انہوں نے خاص طور پر ٹیسٹ سیریز کے لئے اپنے وزن میں کچھ کلو کا اضافہ کیا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ آج سے دبئی میں شروع ہو رہا ہے۔ قومی ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی گرین شرٹس کو کینگروز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔دوسری طرف آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک نے کہا کہ دبئی کی سلو اور خشک وکٹوں پر اچھی کارکردگی دکھانا ان کی ٹیم کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہوگا۔انھوں نے دو آسٹریلوی کھلاڑیوں آل رائونڈر سٹیو او کیفی اور مچل مارش کے پاکستان کے خلاف ڈیبیو کا عندیہ دیا اور کہا کہ دبئی کی پچ کو دیکھتے ہوئے بہت ممکن ہے کہ ہم دو سپنرز کے ساتھ میدان میں اُتریں۔ ٹیسٹ سیریز میں سپن اور ریورس سوئنگ کا سامنا کرنا پڑے گا جس کے لئے ہمیں تیار رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے امید ہے ہمارے کھلاڑی مقامی کنڈیشنز سے ہم آہنگی اختیار کرتے ہوئے اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں گے۔ مجھے یقین ہے کہ ہمارے پارٹ ٹائمرز بھی بہت اچھا کردار ادا کریں گے۔