پاکستان کرکٹ بورڈ کا اجلاس کل ہو گا، اہم فیصلوں کا امکان
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے گورننگ بورڈ کا اہم اجلاس کل زیر صدارت چیئرمین پی سی بی شہریار خان منعقد ہوگا۔ اجلاس میں اختیارات کی تقسیم سمیت پاکستان کرکٹ ٹیم مینجمنٹ کے حوالے سے اہم فیصلے کئے جا ئیں گے۔ اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے آئین میں ترمیم کے حوالے سے قرار داد پیش کی جائے گی جس میں آئی سی سی کی صدارت کے لئے چیئرمین پی سی بی کی جگہ کسی دوسرے شخص کا نام تجویز کر کے کرکٹ کی عالمی تنظیم کو بھجوایا جائے گا۔ اجلاس میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے معین خان کے چیف سلیکٹر اور ٹیم منیجر کے حوالے سے دو عہدوں پر بحث کی جائے گی جس کے بعد اراکین کی مشاورت سے نیوزی لینڈ سیریز سے قبل ان سے ایک عہدہ واپس لئے جانے کا امکان ہے پاکستان ون ڈے اور ٹیسٹ ٹیم کے لئے قومی ٹیم کے مستقل نائب کپتان کا تقرر کرنے کی منظوری بھی لی جائے گی جس کے لئے سابق کپتان محمد حفیظ مضبوط امیدوارہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین نجم سیٹھی جو اس وقت پی سی بی ایگزیکٹو بورڈ کے سربراہ بھی ہیں آئی سی سی کی صدارت کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے مضبوط امیدوار بن گئے ہیں۔