حکومت نے منجمند اکاؤنٹس کی بحالی، اولمپک ہاؤس عارف حسن کے حوالے کرنے کیلئے خط لکھ دیا
لاہور (چودھری اشرف) وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں پنجاب حکومت کو خط لکھ دیا ہے کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے منجمند اکاؤنٹس کی بحالی اور لاہور میں واقع اولمپک ہاؤس کو فوری طور پر آئی او سی کی پاکستان میں منظورشدہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن جس کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن ہیں، کو دیا جائے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے ایک اور خط پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی متوازی تنظیم کے صدر میجر جنرل (ر) اکرم ساہی کو بھی لکھا گیا ہے جس میں انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے نام کے ساتھ کسی طور پر پی او اے صدر نہیں لکھیں گے اگر انہوں نے حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کی تو ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔ وفاقی حکومت کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پنجاب حکومت کو خط لکھے گئے ہیں جس میں ایک خط پی او اے کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن کو بھی لکھا گیا ہے کہ وہ اپنے منجمند اکاؤنٹس کو بحال کرکے استعمال کر سکتے ہیں ۔پنجاب حکومت کے نام میں کہا گیا ہے کہ چیف سیکرٹری اور آئی جی پنجاب پولیس کی مدد سے لاہور میں واقع اولمپک ہاؤس کو فوری طور پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے اصل نمائندوں کے حوالے کیا جائے۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے نام خط میں کہا گیا ہے کہ وہ عارف حسن کے ساتھ تمام معاملات کو خوش اسلوبی کے ساتھ چلائیں اوراکرم ساہی کو پابند کیا جائے کہ وہ پاکستان میں اولمپک چارٹر اور اولمپک موومنٹ کے خلاف کوئی عمل نہ کریں ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔