حفیظ کے ایکشن کا دوبارہ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کی جانب سے متنازعہ باولنگ ایکشن کلیئر نہ کر پانے والے آل راونڈر محمد حفیظ کے باولنگ ایکشن کا دوبارہ ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں دوبارہ ٹیسٹ سے قبل محمد حفیظ پی سی بی کی چار رکنی ایکشن ریویو کمیٹی کے ساتھ کام کریں گے۔ کمیٹی میں احسن رضا, سلیم جعفر, سجاد اکبر اور علی ضیا شامل ہیں۔ کمیٹی محمد حفیظ کا ایکشن درست کرنے کے لئے طریقہ کار طے کرے گی اور ہر دس روز کے بعد پی سی بی بائیو مکینکس لیب میں محمد حفیظ کے ایکشن ٹیسٹ کروایا جائے گا۔ پی سی بی ایکشن ریویو کمیٹی کی جانب سے کلیئرنس رپورٹ آنے کے بعد محمد حفیظ کے ایکشن ٹیسٹ کے لئے آئی سی سی کو درخواست دے گا۔ محمد حفیظ قومی ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کے بعد نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ایکشن بحالی پر کام کا آغاز کریں گے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ اکتوبر نومبر میں امارات سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوران محمد حفیظ کا باولنگ ایکشن متنازعہ قرار دیا گیا تھا جس کے بعد انگلینڈ میں آئی سی سی کی منظور شدہ بائیو مکینکس لیب سے ان کا ری ٹیسٹ کیا گیا تھا جس میں محمد حفیظ اپنی باولنگ ایکشن درست قرار نہیں پائے تھے جس پر آئی سی سی کی جانب سے انہیں معطل کر دیا گیا ہے۔