بھارت نے ساف ویمن فٹبال چیمپئن شپ جیتنے کی ہیٹ ٹرک کر لی
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)دفاعی چیمپیئن بھارت نے تیسری ساف ویمن فٹبال چیمپیئن شپ2014ء جیت کر نہ صرف کامیابی کے ساتھ اپنے اعزاز کا دفاع کیا بلکہ مسلسل تیسری مرتبہ ٹائٹل جیت کر ہیٹ ٹرک بھی مکمل کر لی ،انہوں نے یہ اعزا ز نیپال کی ٹیم کو 6-0سے ہرایا،نیپال کی ٹیم ایک بھی گول نہ کرسکی۔پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے جناح سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ کے موقع پر ایشیئن فٹبال کنفیڈریشن کے صدر شیخ سلیمان بن ابراہیم الخلیفہ مہمان خصوصی تھے، ان کے ہمراہ نائب صدر اے ایف سی اور ملایشیا کے کرائون پرنس عبد اللہ ابن سلطان احمد شاہ،سیکرٹری اے ایف سی داتو الیکس سوسے، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ میاں ریاض حسین پیرزادہ ،پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر مخدوم فیصل صالح حیات ،صدر تھائی لینڈ فٹبا ل فیڈریشن کے صدر وراوی مکدی،بنگلہ دیش فٹبال فیڈریشن کے صدر صلاح الدین قاضی،ڈیلون کور سنگھ،پاکستان فٹبال فیڈریشن کے سیکرٹری کرنل(ر) احمد یار خان لودھی،پاکستان فٹبال فیڈریشن ویمن ونگ کی چیئر پرسن سنیٹر روبینہ عرفان ،پاکستان ٹینس فیڈریشن کے پیٹرن سنیٹر سید دلاور عباس سمیت دیگر اہم شخصیات اور فٹبال کے شائقین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔وفاقی وزیر میاں ریاض حسین پیرزادہ نے تمام مہمانوں کااستقبال کیا۔