ٹارگٹ کے حصول کا پلان بنا‘ وکٹیں جلد گرنے سے حکمت عملی تبدیل ہوئی: مصباح الحق
ممبئی (سپورٹس ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میچ کے ڈرا ہونے سے مایوسی ہوئی ہے، ہم نے ٹارگٹ کے حصول کا پلان بنایا تھا ہم نے جس طرح کی کارکردگی دکھائی اس سے اچھا کھیل پیش کر سکتے تھے۔ ہم نے کئی مواقع ضائع کئے جو میچ میں فرق کا سبب بنے۔ مجموعی طور پر یہ اچھا میچ تھا۔ ہم نے پہلے 40 اوورز آرام سے کھیلنے اور بعد میں ٹارگٹ حاصل کرنے کا پلان بنایا تھا۔ منصوبہ کے مطابق آخری 20 یا 22 اوورز میں تیز کھیلنا تھا مگر ہماری 3 وکٹیں جلد گرنے سے صورتحال تبدیل ہو گی اور ٹارگٹ مشکل ہو گیا۔ ہمارے کھلاڑیوں نے مجموعی طور پر اچھا کھیل پیش کیا۔ نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن میکولم نے کہا کہ اننگز ڈیکلیئر کرنا درست فیصلہ تھا۔ میچ میں ہار جیت کو نہ دیکھیں بلکہ اچھے کھیل کو دیکھیں۔ روس ٹیلر نے عمدہ اننگز کھیلی جس کی بدولت میچ میں واپس آئے اور پاکستان پر دباؤ بڑھ گیا۔ انہوں نے اپنے نوجوان کھلاڑیوں کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں نے اچھی کرکٹ کھیلی۔ اس ٹیسٹ سے بہت سی یادیں وابستہ رہیں گی۔ میچ میں ٹاس جیتنا ہی فیصلہ کن تھا۔ ٹاس کی اہمیت کا اندازہ گذشتہ ٹیسٹ میچوں کے نتائج سے لگایا تھا۔ ہم نے 400 کا ہندسہ عبور کیا اور پاکستان پر دباؤ بڑھایا۔ آئندہ بھی اچھی کرکٹ کھیلیں گے۔