جن لوگوں کی وجہ سے ہاکی متاثر ہوئی عہدوں سے ہٹایا جائے : نوید عالم
لاہور (سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) سابق ہاکی اولمپئن نوید عالم وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ جن کی وجہ سے قومی کھیل ہاکی کی ساکھ متاثر ہو رہی ہے انہیں عہدوں سے ہٹایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدراور سیکرٹری کے لئے دوبارہ الیکشن کرائے جائیں۔ پی ایچ ایف کے صدر چوہدری اختر رسول اور سیکرٹری جنرل رانا مجاہد ہاکی فیڈریشن میں اعلیٰ عہدوں پر کام کرنے کے اہل نہیں ہیں۔گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعظم نواز شریف نے ہاکی فیڈریشن کے الیکشن نہ کرائے تو ہم فیڈریشن کو تالے لگا دیں گے اور دھرنا دیں گے۔ ہم پہلے بھی ہاکی کی بقا کیلئے کھڑے رہے ہیں اور آئندہ بھی قومی کھیل کی بہتری کے لئے جد و جہد جاری رکھیں گے۔ رانا مجاہد اور اختر رسول ہاکی فیڈریشن پر قبضہ کر کے بیٹھے ہیں۔ کھلاڑیوں کے دوروں کیلئے فیڈریشن کے پاس پیسے نہیںہیں اور خود سیکرٹری اور صدر اپنے خاندان کو لے کر بیرون ملک دورے کرتے ہیں۔سابق صدر پی ایچ ایف قاسم ضیاء اور سابق سیکرٹری آصف باجوہ بھی ہر جگہ ان کے ہمراہ ہوتے ہیں۔