شعیب کا کیرئیر ختم نہیںہوا‘ صرف ٹونٹی 20ورلڈکپ سے ڈراپ کیا: انتخاب عالم

لاہور(سپورٹس رپورٹر) شعیب اختر کا کیریئر ابھی ختم نہیں ہوا صرف ٹونٹی20 ورلڈ کپ سے ڈراپ کیا گیا ہے، فٹ ہونے کی صورت میں مستقبل میں ٹیم کا حصہ بن سکتے ہیں۔ شعیب اختر کے متبادل کھلاڑی کے طور پر راو افتخار کا نام آئی سی سی ٹیکنیکل کمیٹی کو بھجوا دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان کرکٹ ٹیم کے کو چ انتخاب عالم نے قذافی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا شعیب اختر جلد کی بیماری جینٹل وائرل وارٹس الیکٹروو فیگریشن میں مبتلا ہے جس کی وجہ سے اسکے متبادل کھلاڑی رائو افتخار کو پاکستان کے ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کرنے کے لئے آئی سی سی کی ٹیکنیکل کمیٹی کو درخواست کر دی گئی ہے۔ انتخاب عالم نے کہا کہ شعیب اختر فٹ ہوتا تو لندن کی وکٹوں پر اچھا پرفارم کر تا مگر بدقسمتی سے وہ بیمار ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شعیب اختر کی فٹنس اور فارم کے بارے میں تمام اچھی طرح واقف ہیں کہ انہوں نے دبئی سیریز میں کس طرح کا کھیل پیش کیا۔ انہوں نے کہا شعیب اختر باہمت کھلاڑی ہے جلد فارم اور فٹنس دوبارہ حاصل کر لے گا۔