انگلینڈ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹوئنٹی20 ورلڈکپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کردیا

لندن (اے پی پی) آئندہ ماہ انگلینڈ میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹوئنٹی20 ورلڈکپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔ ٹوئنٹی 20 ورلڈکپ میں دنیا بھر سے 12 ٹیمیں شرکت کررہی ہیں جنہیں 4 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں بھارت، بنگلہ دیش اور آئرلینڈ ،گروپ بی میں پاکستان، انگلینڈ اورہالینڈ ، گروپ سی میں آسٹریلیا، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز جبکہ گروپ ڈی میں جنوبی افریقہ ،نیوزی لینڈ اور سکاٹ لینڈ کی ٹیمیں شامل ہیں۔ ورلڈ کپ کا باقاعدہ آغاز ایک پروقار تقریب سے ہوگا۔ افتتاحی تقریب لارڈز کرکٹ گرائونڈ پر منعقد ہوگی۔ ایونٹ کے ابتدائی رائونڈ میں ہر ٹیم دو دو میچ کھیلے گی اور 11 جون سے سپر اٹ مرحلے کا آغاز ہوگا۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ میزبان انگلینڈ اورہالینڈ کی کرکٹ ٹیموںکے درمیان 5 جون کو لارڈزکرکٹ گرائونڈ پرکھیلا جائے گا۔ 6 جون کو نیوزی لینڈ کا مقابلہ سکاٹ لینڈ، آسٹریلیا کا مقابلہ ویسٹ انڈیز اور بھارت کا مقابلہ بنگلہ دیش سے ہوگا۔ پاکستان اپنا پہلا میچ 7 جون کو میزبان انگلینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ اسی روز جنوبی افریقہ اور سکاٹ لینڈ کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔ 8 جون کوایونٹ کے مزید دو میچ کھیلے جائیں گے جس میں بنگلہ دیش اور آئرلینڈ جبکہ دوسرے میچ میں آسٹریلیا اور سری لنکا کی ٹیمیں نمبرد آزما ہوں گی۔ پاکستان اپنا دوسرا میچ 9 جون کو ہالینڈ کے خلاف کھیلے گا۔ اسی روز دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ 10 جون کو لیگ کے آخری دو میچ کھیلے جائیں گے جس میں سری لنکا کا مقابلہ ویسٹ انڈیز جبکہ آئرلینڈ کا مقابلہ بھارت سے ہوگا۔ ایونٹ کا سپر ایٹ مرحلہ 11 جون سے شروع ہوگا جبکہ سیمی فائنلز 18اور19 جون کوکھیلے جائیں گے۔ ورلڈ کپ کا فائنل 21 جون کو لارڈز کرکٹ گرائونڈ پر کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ پہلا ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ جنوبی افریقہ میں کھیلا گیا تھا جس میں بھارت نے پاکستان کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔