آئی سی سی کا ورلڈ کپ کے ناک آﺅٹ مرحلے کیلئے آفیشلز کا اعلان

ڈھاکہ /اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک/اے پی پی) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ورلڈ کپ کے ناک آﺅٹ مرحلے کیلئے آفیشلز کے ناموں کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق دسویں عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل مرحلے کا آغاز (کل) بدھ سے ہو رہا ہے جس میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں مدمقابل ہونگی۔ اس میچ کو نیوزی لینڈ کے بلی باﺅڈن اور آسٹریلیا کے سٹیوڈیوس سپروائز کرینگے۔ کرس براڈ میچ ریفری کے فرائض سرانجام دینگے۔ دوسرا کوارٹر فائنل 24 مارچ کو احمد آباد کے مقام پر دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا جس میں ماریس ایراسمس اور این گولڈ فیلڈ امپائر جبکہ سری لنکا کے رانجن مدوگالے میچ ریفری ہونگے۔ میگا ایونٹ کا تیسرا کوارٹر فائنل 25 مارچ کو جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا اس میچ میں پاکستان کے علیم ڈار اور روڈنکر فیلڈ امپائر جبکہ سری لنکا کے روشن مہنامہ میچ ریفری کے فرائض سرانجام دینگے۔ 26 مارچ کو کولمبو میں سری لنکا اور انگلینڈ کی ٹیمیں آخری کوارٹر فائنل میں آمنے سامنے ہونگی۔ بلی ڈاکٹروو اور سائمن ٹوفل میچ کو سپروائز کرینگے جبکہ نیوزی لینڈ کے جیف کرو میچ ریفری ہونگے۔