ورلڈ ہاکی لیگ کوارٹر فائنل مرحلہ آج ہوگاگرین شرٹس کی بھرپور پریکٹس مقابلے کیلئے تیار
لندن (حافظ محمدعمران/نمائندہ سپورٹس)ورلڈ ہاکی لیگ کے کوارٹر فائنل مرحلے کے مقابلے آج ہوںگے۔ پاکستان اور ارجنٹائن کی ٹیمیں سیمی فائنل میں جگہ بنانے کیلئے آمنے سامنے آئیں گی۔ بھارت کا مقابلہ ملائشیا، ہالینڈ کا چین، کینیڈا کا مقابلہ انگلینڈ سے ہو گا۔ پاکستان اور ارجنٹائن کا میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر سوا پانچ بجے کھیلا جائے گا۔ لندن کے لی ویلی پارک مین گزشتہ روز پاکستانی ٹیم نے ڈیڑھ گھنٹے کا پریکٹس سیشن کیا۔ کھلاڑیوں کو مختلف ڈرلز کروائی گئیں۔ ہیڈ کوچ خواجہ جنید، حنیف خان اور احمد عالم نے کھلاڑیوں کو اٹیک اور ڈیفنس کی پریکٹس کروائی۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل شہباز سینئر بھی ٹیم کی پریکٹس دیکھنے کیلیے گراونڈ میں موجود تھے۔ ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ارجنٹائن عالمی نمبر ایک اور اولمپک چیمپئن ہے۔ ہماری ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ ہم نے ارجنٹائن کی خوبیوں اور خامیوں کو دیکھتے ہوئے گیم پلان ترتیب دیا ہے۔ امید ہے کھلاڑی اچھا کھیل پیش کرینگے۔ کپتان عبدالحسیم خان کا کہنا تھا کہ ہم مثبت سوچ کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ ابتدائی پول میچز میں ہماری کارکردگی اچھی نہیں رہی البتہ آخری میچ میں فتح سے اعتماد بہتر ضرور ہوا ہے۔ کوشش ہے کہ ارجنٹائن کیخلاف فتح حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنائیں۔